پولیس کیس واپس لینے کیلئے دبائو ڈال رہی ہے گلوکارہ نوراں لعل اندراج مقدمہ کیلئے عدالت پہنچ گئی

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پولیس کی جانب سے ہراساں کئے جانے پر گلوکارہ نوراں لعل اندراج مقدمہ کیلئے سیشن عدالت پہنچ گئی۔ ایڈیشنل سیشن جج صفدر علی بھٹی نے 29مئی کو تھانہ اقبال ٹائون پولیس سے جواب طلب کر لیا ہے۔ فاضل عدالت میں گلوکارہ نوراں لعل نے دائر اندراج مقدمہ کی درخواست میں مئوقف اختیار کیا ہے کہ اقبال ٹائون پولیس وزیرآباد پولیس کے ساتھ مل کر کیس واپس لینے کے لئے دبائو ڈال رہی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہی ہے جس پر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا جائے جس پر فاضل جج نے آئندہ سماعت پر متعلقہ تھانے سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔