عمران کو دھاندلی سے پیار ہوگیا، شور شرابے کے سوا انکا کوئی ایجنڈا نہیں: رانا ثناء

عمران کو دھاندلی سے پیار ہوگیا، شور شرابے کے سوا انکا کوئی ایجنڈا نہیں: رانا ثناء

لاہور(این این آئی)صوبائی وزیر قانون و بلدیات رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو ہر جگہ صرف دھاندلی ہی نظر آتی ہے حتیٰ کہ عوام کی خدمت کرنا بھی انکی نظر میں دھاندلی ہے،تحریک انصاف کے پاس شور شرابے کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں اور امن و امان پر عام بحث میں حصہ نہ لینے سے انکا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے ،، تحریک انصاف فیصل آباد میں تماشہ لگانے جا رہی ہے جو صرف پیسے اور وقت کا ضیاع ہے عوام اب تحریک انصاف کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ عمران خان ایک سال سے انتخابات کا رونا رورہے ہیں،وہ خوابوں کے پیچھے بھاگنا چھوڑ دیں ،اگر عمران خان سائے کے پیچھے ہی بھاگتے رہنا چاہتے ہیں تو اس کا ہمارے پاس کوئی علاج نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور دھاندلی کو ایک دوسرے سے پیار ہو گیا ہے۔ نارووال سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 136 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو 15 ہزار ووٹوں سے شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسلام آباد میں 20 کروڑ روپے کا ناکام شو کیا، ایک بار پھر فیصل آباد میں 20 کروڑ روپے کی لاگت سے تماشہ لگانے جا رہے ہیں، ہم صرف عمران خان کیلئے صرف دعا ہی کرسکتے ہیں۔