لاہور : ” دینی جماعتیں حرمت رسول کے تحفظ کےلئے متحد ہو جائیں“

لاہور (خصوصی نامہ نگار) اسلام کی بنیاد ناموس رسالت کے تحفظ میں ہے یورپ نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے بعد فیس بک کی شرارت کے ذریعے ملت اسلامیہ کو للکارا وقت کا تقاضا ہے کہ دینی جماعتوں اسلامی شعائر حرمت رسول ﷺکے تحفظ کے لیے متحد ہوجائیں۔ ان خیالات کااظہار جمعیت علماءپاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر علامہ شبیر احمد ہاشمی کی یاد میں لاہور پریس کلب میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا سمینار کی صدارت پیر سید ذیشان المجتبٰی النورانی نے کی۔ علامہ راغب نعیمی ، علامہ رضائے مصطفی، ملک بشیر نظامی، علامہ نصیر نورانی، رشید احمد رضوی، جے یو پی کے سیکرٹری جنرل قاری زوار بہادر نے کہا علامہ شبیر ہاشمی نے ساری زندگی ملک و ملت کی نظریاتی سرحدوں پر پہرہ دیا ۔ جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل فرید احمد پراچہ نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کا حل نظام مصطفی میں ہے۔ جمعیت علماءاسلام ف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا امجد خان نے کہا کہ مذہبی جماعتوں نے ماضی میں اتحاد و اتفاق سے جو کامیابیاں حاصل کیں اگر ہم پھر متحد ہو جائیں تو کسی حکمران کو امریکی ڈکٹیشن پر چلنے اور اپنے ہی شہریوںکو مروانے کی ہمت نہ ہو۔ ملک محبوب الرسول قادری نے کہا کہ مرحوم علامہ ہاشمی واقعی رئیس تحریرتھے ان کے قلم سے نکلے ہوئے سیاسی کالم ہماری تاریخ کا اہم حصہ رہے گا۔ علامہ تصدق حسین نے کہا کہ علامہ ہاشمی نے رخصت کے بجائے اسوہ شبیر پر کاربند رہتے ہوئے یزید وقت کے سامنے حسینی کردار ادا کیا اور اس کے لیے انہیں قید و بند کی صعبتیں بھی برداشت کرنا پڑیں۔ علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ یورپ نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور فیس بک کی شرارت کے ذریعے ملت اسلامیہ کو پھر للکارا ہے۔