ایل ڈی اے کے 2 افسروں کی گریڈ 19 میں خلاف قواعد ترقی‘ سینئرز پریشان

لاہور (شعیب الدین سے) ایل ڈی اے انتظامیہ نے گریڈ 17 سے گریڈ 18 میں ترقی پانے والے دو افسران کو ترقی کے صرف 3 سے 6 ماہ کے عرصہ میں گریڈ 19 میں کرنٹ چارج بنیادوں پر ترقی دے کر سینئر افسران کا ترقی کا حق چھین لیا جس سے افسران میں بیحد بے چینی پائی جا رہی ہے اور افسران سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق ٹیپا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسرار سعید کو اکتوبر 2009ء اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لا) ایل ڈی اے عامر شاہ کو 2010ءمیں گریڈ 18 کے عہدوں پر ڈپٹی ڈائریکٹر بنایا گیا تھا مگر حیران کن طور پر اعلی افسران کے بیحد قریب سمجھے جانیوالے اسرار سعید کو فروری 2010ءمیں گریڈ 19 میں کرنٹ چارج بنیاد پر ترقی دے دی گئی جبکہ کرنٹ چارج بنیاد پر ترقی صرف سینئر ترین افسر کو ملتی ہے کیونکہ اس بنیاد پر ترقی ملنے کے بعد افسر اس گریڈ میں ملنے والی ہر سہولت‘ تنخواہ اور دیگر مراعات کے مستحق ہو جاتے ہیں۔ دوسری طرف اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لا) عامر شاہ گریڈ 17 سے 18 میں ترقی کے بمشکل ڈھائی سے تین ماہ میں گریڈ 19 میں کرنٹ چارج بنیادوں پر ترقی دے دی گئی ٹیپا اور بوڈی ونگ (ایل ڈی اے) میں اس وقت اسرار سعید سے سینئر افسران موجود ہیں جو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے بارے غور کر رہے ہیں۔