وزیراعظم کو آپریشن سے متاثرہ افراد کا کوئی خیال ہے نہ ہی کیمپوں کا دورہ کیا: عمران

بنوں (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف کو فوجی آپریشن سے متاثرہ بے گھر افراد کا کوئی خیال نہیں، شمالی وزیرستان میں آپریشن شروع ہونے کے بعد انہوں نے آئی ڈی پیز کے کیمپوں کا دورہ نہیں کیا، نوازشریف غیرجمہوری ذہن رکھنے والے ڈکٹیٹر ہیں، ساڑھے چھ لاکھ آئی ڈی پیز کے مسئلے کے حل کیلئے خیبر پی کے حکومت کو متحرک کردیا ہے۔ ٹوئیٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا وہ بنوں میں شمالی وزیرستان آپریشن سے متاثرہ آئی ڈی پیز سے ملنے کیلئے پہنچے ہیں۔ معصوم لوگوں کی مشکلات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ میں آئی ڈی پیز سے ملنے کیلئے ایف سی آر علاقے کا دورہ کیا جہاں جانے کی کوئی جرأت بھی نہیں کرتا۔ ابھی تک وزیر اعظم بھی بے گھر شہریوں سے ملنے نہیں آئے۔ نواز شریف کو آئی ڈی پیز کا کوئی خیال نہیں۔ بڑی تعداد میںآئی ڈی پیز کے بچوں نے 150کلو میٹر تک سفر کیا ہے۔ اس انسانی المیے میں انصاف فائونڈیشن اور پی ٹی آئی تبدیلی رضاکار لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔ نجم سیٹھی کو انتخابات میں 35 پنکچر لگانے کا صلہ پی سی بی کے چیئرمین کی صورت میں ملا جب کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو 11 مئی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو جعلی مینڈیٹ دلوانے کے عوض انکے بیٹے ارسلان افتخار کو ایڈیشنل چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ بنا دیا گیا ہے۔
عمران خان