لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش‘ چھتیں‘ دیوار گرنے سے خاتون‘ 4 بچوں سمیت 7 جاںبحق‘ 5 زخمی

لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش‘ چھتیں‘ دیوار گرنے سے خاتون‘ 4 بچوں سمیت 7 جاںبحق‘ 5 زخمی

لاہور+ فیروزوالہ (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش نے گرمی کی شدت کو مزید کم کر دیا، گذشتہ روز دن بھر مطلع جزوی آبر الود رہنے کے بعد مغرب کی نماز کے بعد تیز آندھی کا سلسلہ شروع ہو گیا جس سے مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا۔ تیز آندھی کے باعث سڑکوں کے کناروں پر نصب سائن بورڈ ٹوٹ گئے۔ کالاخطائی روڈ شاہدرہ ٹائون میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون اور اسکے دو بچے جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو کے عملے نے جدوجہد کرکے نعشوں کو ملبہ ہٹا کر نیچے سے نکالا۔ جاوید پارک میں ایک شخص زاہد علی کی بیوی اور دو بچے مکان میں سور ہے تھے کہ اچانک چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر افشاں بی بی اور اسکے دو بچے عظیم اور منظور جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شہری اور ریسیکو عملہ موقع پر پہنچ گیا جنہوں نے ملبہ ہٹا کر خاتون اور بچوں کی نعشیں نکالیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے علاقے میں کہرام مچ گیا۔لاہور میں تیز آندھی اور بارش کے باعث 70 فیڈرز بند ہونے سے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق کینال روڈ، اچھرہ، جوہر ٹائون، واپڈا ٹائون، کوٹ لکھپت اور گرین ٹائون کے علاقوں میں فیڈر بند ہوئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، بہاولپور، ساہیوال، سرگودھا، کوئٹہ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا۔ علاوہ ازیں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال اور ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن اور گلگت بلتستان میںچند مقامات پر تیز ہوائوںاورگرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ گذشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا جبکہ شہید بینظیر آباد47، موہنجودڑو، روہڑی46، پڈعیدن، سکھر، تربت، لاڑکانہ اور سبی میں45ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سرگودھا اور گرد ونواح میںبھی طوفانی بارش سے مکان کی دیوار اور دکان کی چھت گرنے سے دو بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ ضلع کونسل کالونی کے محمد حیات کے تین بچے امن ‘ مصطفی اور علیشا گھر کے صحن میںکھیل رہے تھے کہ اچانک دیوار گرنے سے نیچے دب گئے اور ان میں دو بچے مصطفی اور علیشا جاں بحق جبکہ تیسری بچی امن شدید زخمی ہو گئی اسی طرح بکر منڈی کے قریب واقع ایک پی سی او کی چھت اچانک گر گئی جس کے نتیجے میں دو افراد اکرم اور رانا مختار جاں بحق ہو گئے جبکہ چارافراد ندیم‘ قمر‘ لطف وغیرہ شدید زخمی ہوگئے۔