اندرونی اور بیرونی خطرات کے باوجود بحری حدود کے تحفظ کیلئے تیار ہیں: ایڈمرل سندھیلہ

لاہور (اے پی پی) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ نے کہا ہے کہ قوم کو درپیش متعدد اندرونی و بیرونی خطرات کے باوجود، پاک بحریہ جدید اسلحہ اور آلات سے لیس، انتہائی متحرک قوت ہے جو پاکستان کی بحری حدود کے دفاع کیلئے ہر دم تیار ہے۔ نیوی وار کالج لاہور میں پاکستان کو درپیش قومی سلامتی کے چیلنجز کے موضوع پر 43 ویں پی این سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب میں نیول چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے کی بدلتی ہوئی بحری صورتحال سے مبرا نہیں رہ سکتا۔ ہم ایک امن پسند قوم ہیں اور ہمارے بحری تحفظات کی حفاظت ضروری ہے۔ ہم انسدادِ دہشت گردی اور بحری قزاقی کی روک تھام کے لیے عالمی اور خطے کی بحری قوتوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ AMAN سیریز جیسی کثیرالملکی بحری مشقیں خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہمارے عزم کی غماز ہیں۔ موجودہ حالات کے تناظر میں ہم اپنی بحری قوت کو تنازعات کی روشنی میں مزید مضبوط کر رہے ہیں۔ سکیورٹی چیلنجز کا حل ملکی سلامتی کو درپیش خطرات کی بنیادی  وجوہات کی نشاندہی کرنے اور آپریشنل تیاری کو برقرار رکھنے میں ہے تاکہ اسکا مستقل حل تلاش کیا جا سکے۔
ایڈمرل سندھیلہ