وزیراعظم کی رائے ونڈ میں رہائش گاہ کی چار دیواری مضبوط بنانے کا فیصلہ

لاہور (شعیب الدین سے) رائے ونڈ میں وزیراعظم نوازشریف کی رہائشگاہ کو دہشتگردوں کے کسی بھی ممکنہ حملے سے محفوظ رکھنے کےلئے اس کی چار دیواری کو مضبوط کرنے اور فصیل نما بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی رہائشگاہ کی چار دیواری عام چار دیواری ہے جسے موجودہ ملکی مخدوش حالات کے پیش نظر مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ابتدائی سروے بھی مکمل کر لیا گیا۔ جس میں چار دیواری کو کنکریٹ کی مضبوط اور چوڑی شکل دی جائیگی۔ فصیل کو 10سے 12فٹ بلند رکھا جائیگا اور اس میں کچھ فاصلے کے بعد پہرے داروں کے بیٹھنے کیلئے برجیاں بھی بنائی جائینگی، چار دیواری کے چاروں طرف سڑک تعمیر کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم کو دہشتگردوں کے ممکنہ حملے کے پیش نظر سکیورٹی ایجنسیاں پہلے ہی ائرپورٹ سے رائے ونڈ ہیلی کاپٹر کے ذریعے جانے کا مشورہ دے چکی ہیں اور رائے ونڈ میں ہیلی کاپٹر شریف میڈیکل کمپلیکس کی بجائے رائے ونڈ فارم میں لینڈ کرانے کے لئے انتظامات کا حکم بھی دیا جا چکا ہے۔