مطالبات کی منظوری کیلئے پرسوں صوبے میں دفاتر کی تالہ بندی کیجائیگی: ایپکا

لاہور(نیوزرپورٹر)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ پرسوں صوبہ بھر میں دفاتر کی تالہ بندی کی جائے گی اور پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا ۔لاہور پریس کلب میں ایپکا کے صوبائی صدر حاجی محمد ارشاد چوہدری نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات منظور نہ کئے گئے تو اپنے اعلان کے مطابق عمل درآمد کیا جائے گا ،تاہم جب تک مطالبات منظور نہیں ہوتے تب تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی ‘ بھوک اور افلاک کے شکار دیگر تین صوبوں میں ملازمین کی تنخواہوں میں 15فیصد اضافہ ہوا ہے تو پنجاب میں کیوں ملازمین کے مطالبات منظور اور تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ فوری طور پر تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے جبکہ ہمارے دیگر مطالبات بھی منظور کئے جائیں‘ اگر پرسوں تک وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہمارے مطالبات منظور نہ کئے تو ہم اسی روز پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبہ بھر میں دفاترز کی تالہ بندی بھی کی جائےگی اور مطالبات کی منظوری تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔