رنگ محل، شاہ عالم مارکیٹ میں تجاوزات کی بھرمار

لاہور (پ ر) انجمن تاجران انسانی حقوق رنگ محل کے صدر عادل جاوید بٹ نے کہا کہ رنگ محل تا شاہ عالمی مارکیٹوں سے تجاوزات ختم کی جائے اور ٹریفک کا انتظام ٹھیک کیا جائے۔ میاں شہباز شریف کی 1997ءکی حکومت نے تجاوزات کا خاتمہ کیا تھا۔ 2008ء وزیراعلی پنجاب نے کہا تھا کہ اندرون شہر کو پرانی والی حالت میں لایا جائے گا لیکن 5 سال گزرنے کے باوجود کچھ نہ ہوا اور اب پھر حکومت آ چکی ہے لیکن تجاوزات کا خاتمہ نہ ہو سکا۔ شاہ عالم مارکیٹ سے لے کر رنگ محل میں جگہ جگہ تجاوزات، موٹرسائیکل سٹینڈ بنائے ہوئے ہیں۔ موٹرسائیکل سٹینڈ والوں کا کہنا ہے کہ یہ ٹھیکہ کارپوریشن سے منظور شدہ ہے۔ ان تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک مسلسل جام رہتی ہے۔ ڈی پوائنٹ کار پارکنگ عوام کی سہولت کے لئے بنایا گیا ہے دکانداروں نے پوری سڑک پر قبضہ جمایا ہوا ہے اس پارکنگ پلازہ کے ساتھ ساتھ دکانداروں نے اپنا سامان رکھنے کے ساتھ ساتھ موٹرسائیکل اور گاڑیوں کی پارکنگ کی ہوئی ہے جس سے سکول کے بچوں، ایمبولینس کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ رہائشیوں کے گھروں کے باہر لوگوں نے پارکنگ بنا رکھی ہے۔ رنگ محل اور شاہ عالم مارکیٹ کے برآمدوں میں لوگوں کے پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔ اس پر بھی تاجر برادری نے قبضہ جمایا ہوا ہے اگر خدانخواستہ کوئی حادثہ ہو جائے تو ہسپتال تک مریض لے جانا مشکل ہو جاتا ہے۔