تھانہ کلچر کی تبدیلی سے پولیس کا اعتماد اور وقار بحال ہو گا: عمران نذیر

لاہور(خبر نگار) مسلم لیگ (ن) لاہورکے جنرل سیکرٹری وممبر پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ تھانہ کلچر کی تبدیلی سے پولیس کا اعتماد اور وقار بحال ہوگا۔ خادم پنجاب میاں شہبازشریف نے ماضی میں بھی پولیس حکام کوان کی سوچ سے زیادہ مراعات دیں اورآئندہ بھی ان کی ضروریات کا خیال رکھیں گے لہٰذا ءوہ اپنی خدمات سے عوام کا اعتماد بحال اورانہیں ان کی توقعات کے مطابق ڈیلیور کریں۔ قیام امن اور مجرمانہ سرگرمیوں کے سدباب کیلئے پولیس اہلکاروں کو سردھڑ کی بازی لگانا ہوگی۔ شہریوں کی عزت نفس اور ان کے بنیادی حقوق کااحترام کرنا پولیس کافرض منصبی ہے۔ پنجاب حکومت پولیس فورس کوہرقسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیارکرنے کیلئے بھرپور تعاون کرے گی۔ شہبازشریف صوبائی اداروں میں من مانی اوربدعنوانی ہرگزبرداشت اور معاف نہیں کریں گے۔ دہشت گردی کا مرض ناسور بنتا جارہا ہے، اس کے سدباب کیلئے آپس میں سر جوڑنا اور معاشرے کے ہرطبقہ کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔