پنجاب یونیورسٹی‘ دوسرے روز بھی لڑائی، شیلنگ ‘ بہاولپور میں جمعیت کا مظاہرہ
لاہور‘بہاولپور ( این این آئی+نامہ نگار) پنجاب یونیورسٹی میں دوسرے روز بھی حالات کشیدہ رہے اور طلبہ تنظیموں کے ڈنڈا بردار کارکن ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے ،پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کر کے متعدد طلبہ کو گرفتار کر لیا ،ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کی ہدایت پر تمام داخلی اور خارجی دروازے بند کر کے بھاگنے والے طلبہ کو تعاقب کر کے گرفتار کیا گیا ،پیر کے روز ہنگامہ آرائی اور پر تشدد احتجاج پر طلبہ تنظیموں کے 15 نامزد کارکنان اور 100نامعلوم افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے جن کی گرفتاریوں کے لئے ہاسٹلز میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ طلبہ تنظیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف کیمپس پل پر دھرنادے کر اور ریلیاں نکال کر احتجاج کیا گیا جس سے ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگی رہیں،پنجاب یونیورسٹی میں گزشتہ روز بھی خوف و ہراس کی فضا بر قرا رہی اوراحتجاج کی خبریں سامنے آنے کے بعد طلبا و طالبات کے والدین انہیں لینے یونیورسٹی پہنچ گئے ۔ پہلا مقدمہ چیف سکیورٹی آفیسر کرنل (ر) عبید ،دوسرا مقدمہ ایس ایچ او نواکوٹ جبکہ تیسرا مقدمہ ایس ایچ او ساندہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق جامعہ پنجاب میں طلباء پر تشدد کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا تعلیمی اداروں میں انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ مظاہرے کی قیادت کرتے اسلامی جمعیت طلبہ بہاولپور کے جنرل سیکرٹری عبدالجواد نے کہا ایک لسانی طلبہ تنظیم کافی عرصہ سے پنجاب یونیورسٹی کا امن تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ اس راہ میں جمعیت کو سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتی ہیں۔