لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی چین سے 200 سے زائد سی این جی بسیں منگوانے میں ناکام

لاہور (اویس قریشی سے) لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے حکام کی طرف سے چین سے 200 سو سے زائد منگوائی جانے والی نئی سی این جی بسوں کے دعوے بھی دم توڑ گئے۔ سابق چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی اور سابق وفاقی سیکرٹری داخلہ تسنیم احمد نورانی کے مستعفی ہونے کے ساتھ ہی لاہور کے شہریوں کےلئے نئی بسوں کے دو بین الاقوامی معاہدے بھی ختم ہو گئے ہیں۔ معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے بننے والے چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے پرانے معاہدوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ازسرنو سفارشات طلب کر لی ہیں اور ترکی سمیت دیگر ممالک کی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے ساتھ رابطہ کیا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ایل ٹی سی لاہور کے شہریوں کےلئے پبلک ٹرانسپورٹ میں پچھلے 10 مہینوں کے دوران ایک بس کا بھی اضافہ نہیں کر سکی۔