لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں شدید دھند، حادثات میں 5 افراد جاں بحق

لاہور (نمائندہ خصوصی/ ایجنسیاں) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہر شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے جس کے باعث ٹریفک حادثات میں درجنوں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ لاہور میں موٹروے پر بابو صابو انٹرچینج پر گاڑیاں ٹکرانے سے 1 شحض سمیت حادثوں میں 2 کمسن بچوں سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق شیراکوٹ کے علاقے بابو صابو انٹرچینج موٹروے پر شدید دھند کے باعث ٹرک اور مزدا کی ٹکر سے پیچھے آنےوالی 2 درجن گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں حادثے میں ٹرک کنڈیکٹر سرگودھا کا رہائشی عطا اللہ جاں بحق جبکہ مجید، غلام حسین، نسیم افضل، حماد وغیرہ 12 افراد زخمی ہو گئے۔ باغبانپورہ کے علاقے محمود بوٹی میں 35 سالہ اختر اپنی دو بیٹیوں 4 سالہ زیب اور 2 سالہ نیہا کے ساتھ موٹرسائیکل پر جارہا تھا شدید دھند کے باعث تیز رفتار رکشہ نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں اختر اور اس کی دونوں بیٹیاں زیب اور نیہا موقع پر ہلاک ہو گئیں جبکہ رکشہ میں سوار ماں بیٹی زخمی ہو گئیں جاں بحق ہونے والا اختر امامیہ کالونی کا رہائشی تھا باپ اور معصوم بچیوں کی نعشیں پہنچنے پر پورے علاقے میں کہرام برپا ہو گیا۔ دھرم پورہ کے علاقے میں جواں سالہ نوجوان خورشید ریلوے لائن کی پٹڑی پر بیٹھا تھا ٹرین کا پائیدان اس کے سر میں لگنے سے دم توڑ گیا۔ ماڈل ٹاﺅن موڑ پر 28 سالہ گلنار اپنے دو بچوں چار سالہ شازیہ اور دو سالہ نعمان کے ہمراہ سڑک عبور کر رہی تھی کہ تیز رفتار گاڑی نے ٹکر مار انہیں شدید زخمی کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق صبح کے وقت شدید دھند کے باعث لاہور اور نواحی علاقوں اور موٹروے پر حد نگاہ صفر ہو گئی۔ جی ٹی روڈ اور شیخوپورہ روڈ پر بھی ٹریفک حادثات میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید دھند کا سلسلہ آئندہ دنوں تک جاری رہے گا۔ خیبر پی کے کے شہروں پشاور صوابی مردان اور سندھ میں سکھر اور موہنجوداڑو کے علاقہ میں شدید دھند رہی۔