عہدہ چیلنج سمجھ کر قبول کیا، جلد سکواش کے کھیل میں بہتری آئے گی : جان شیر خان

لاہور (سپورٹس رپورٹر) سابق عالمی نمبر ون اور پاکستان سکواش فیڈریشن کے مشیر جان شیر خان نے کہا ہے کہ عہدہ چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے جلد سکواش کے کھیل میں بہتر تبدیلی آئے گی۔ کھلاڑیوں پر رقم ان کی کارکردگی کی بنیاد پر خرچ کی جائے گی آئندہ فیڈریشن صرف ان کھلاڑیوں کے ٹی اے ڈی اے ٹکٹ پر پیسہ خرچ کرے گی جو کہ 50 ہزار ڈالر سے زائد ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کریں گے۔ سکواش فیڈریشن سے کوئی معاوضہ نہیں لوں گا اگر میری سفارشات پر عمل درآمد ہو گیا تو یہی میرا معاوضہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عہدہ سنبھالنے کا مقصد تنخواہ لینا یا عہدے کا لالچ نہ ہے بلکہ پاکستان میں سکواش کے کھیل میں بہتری لا کر دنیا میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام واپس لانا ہے۔