خواتین سے مل کر لہولہان اور زخمی پاکستان کو بچائیں گے : کلثوم نواز

لاہور (لیڈی رپورٹر/ نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز نے کہا ہے کہ ملک کی خواتین سے مل کر لہولہان اور زخمی پاکستان کو بچائیں گے اور دنیا کی کوئی طاقت خواتین کو شکست نہیں دے سکتی۔ سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانےوالے پاکستان کو سب سے آخر میں چھوڑ کر بھاگ گئے۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں صرف قائداعظمؒ کو ”نظریاتی مملکت“ کا بانی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ الحمراءمیں قائداعظمؒ کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ خواتین کنونشن سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی خواتین ارکان قومی اسمبلی تہمینہ دولتانہ، عشرت اشرف، وزیراعلیٰ کی مشیر بیگم ذکیہ شاہنواز و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کلثوم نواز نے مزید کہا کہ آج حکمرانوں نے خود کو محفوظ رکھنے کےلئے ملک کو غیرمحفوظ بنا دیا۔ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب صبح نور طلوع ہوگی اور اندھیرے ہمیشہ کےلئے ختم ہو جائیں گے۔ تہمینہ دولتانہ نے کہا کہ ملکی حالات مسلم لیگ ن کے اقتدار میں آنے سے ہی بدلیں گے۔ آج حکمران لوگوں کے پیٹ کاٹ کر کرپشن کر رہے ہیں۔ بیگم عشرت اشرف نے کہا کہ مسٹر ٹین پرسنٹ کی شہرت رکھنے والے آصف زرداری نے آج مسٹر 90 پرسنٹ بن کر لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ قوم انتظار کر رہی ہے کہ مسلم لیگ ن اقتدار میں آکر مہنگائی اور بیروزگاری کو ختم کرے گی۔