بھارت مقبوضہ کشمیر میں مزید فوج بھیج کر بھی تحریک آزادی نہیں کچل سکتا: حافظ سعید
لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے بوکھلا کر راجناتھ سنگھ جیسے بھارتی وزراء بار بار کشمیر کے دورے کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کے قتل عام کے بعد اب مگرمچھ کے آنسو بہائے جا رہے ہیں۔ بی ایس ایف اور سی آر بی ایف کے مزید دستے تعینات کرنے سے بھارت تحریک آزادی کچلنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ وہ مرکز القدس راولپنڈی میں کارکنان و ذمہ داران کی تربیتی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد، فلاح انسانیت فائونڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرئوف اور جماعۃ الدعوۃ راولپنڈی کے مسئول مولانا عبدالرحمن نے خطاب کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ کشمیریوں کی معاشی ناکہ بندی اور تمام تر ظلم و ستم کے باوجود تحریک آزادی کو دن بدن مضبوط ہوتا دیکھ کر بھارتی ایوانوں میں لرزہ طاری ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ کشمیر میں بدترین ظلم و ستم اور کشمیریوں کے بھرپور احتجاج کی وجہ سے تحریک ایک نیا رخ اختیار کر چکی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان بھی کشمیریوں کے اصل وکیل ہونے کا کردار ادا کرے اور مظلوم کشمیریوں کی کھل کر مدد حمایت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلاکر مضبوط کشمیر پالیسی طے کی جائے اگر بھارت کشمیر کے اٹوٹ انگ کی رٹ سے نہیں شرماتا تو پاکستان کو بھی شہ رگ کشمیر کے مئوقف سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہئے۔ دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں کو متحرک کیا جائے۔ دنیا کو کشمیر کا مسئلہ سمجھانے اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔