راوی ٹاﺅن میں ڈینگی کے تدارک کیلئے ایکشن پلان تیار‘ ہر گھر کا معائنہ کیا جائےگا

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ راوی ٹاﺅن لاہور میں ڈینگی لاروا کے خاتمے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے اور جنگی بنیادوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راوی ٹاﺅن میں 3 لاکھ 10 ہزار گھر ہیں اور نئے ایکشن پلان کے مطابق راوی ٹاﺅن کے ہر گھر‘ ہر فیکٹری‘ ہر سکول‘ ہر دکان اور تمام کھلے مقامات کا معائنہ کیا جائے گا اور اس مقصد کیلئے ارکان اسمبلی‘ ٹی ایم اے‘ محکمہ صحت‘ واسا‘ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ‘ محکمہ تعلیم‘ این جی اوز اور تاجر تنظیموں کو متحرک کیا جائے گا۔ نئے ایکشن پلان پر کامیابی سے عملدرآمد کیلئے راوی ٹاﺅن کو 5 زون میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ ہر زون کا نگران رکن قومی اسمبلی یا صوبائی اسمبلی ہوگا اور ہر زون میں مختلف محکموں کے 5 افسران ڈینگی کے تدارک اور گھر گھر معائنے کی نگرانی کریں گے۔