تحریک انصاف کا پی پی 150میں مبینہ دھاندلی کیخلاف کل سے بھوک ہڑتالی کیمپ کا اعلان

لاہور (سپیشل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ پی پی 150 سے تحریک انصاف کے امیدوار کی کامیابی کو دھاندلی سے شکست میں تبدیل کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف کل سے پنجاب اسمبلی کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کا اعلان کیا۔ تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چودھری نے اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید ، میاں محمد اسلم اقبال اور امیدوار پی پی 150 مہر واجد عظیم کے ہمراہ سیشن کورٹ میں پریس کا نفرنس کی۔ اعجاز احمد چودھری نے الزام عائد کیا ہے کہ پی پی 150 میں 40 کے قریب پولنگ سٹیشن کے نتائج غیرمتعلقہ افراد نے ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروائے جبکہ اعداد و شمار میں تبدیلی کی گئی۔ 150 سے تحریک انصاف کے امیدوار مہر واجد عظیم واضح اکثریت سے کامیاب ہوئے لیکن مسلم لیگ (ن) نے دھاندلی سے انکی فتح کو شکست میں تبدیل کیا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی دوبارہ گنتی کی درخواست کو مسترد کرنا جمہوریت کے تقاضوں کے برعکس ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے کہاتھا کہ مسلم لیگ (ن) کی پہلے 100دنوں کی ناقص کارکردگی کے نتیجے میں تحریک انصاف کے پاس مسلم لیگ (ن) کی دونشستیں آئی ہیں۔ پریس کانفرنس کے موقع پر ندیم قادر بھنڈر، عندلیب عباس، ثوبیہ کمال، بختیار قصوری، سعدیہ سیف، میاں حامدمعراج، یاسر گیلانی، نعیم عظیم، رانا ندیم احمد، ساجد شوکت سمیت لاہور اور پنجاب کے عہدیداران کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔