اللہ کی تائید و نصرت اسکی فرمانبرداری سے حاصل ہو گی: عاکف سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے کہا ہے کہ اللہ کی تائید اور نصرت صرف اس کی فرمانبرداری سے حاصل کی جا سکتی ہے، وزیراعظم کے قوم سے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے حوالہ سے کوئی بات نہیں کی، انہوں نے کہا کہ ٹیلی ویژن چینلز پر عریانی اور فحاشی کا سیلاب آیا ہوا ہے۔ سودی لین دین ہماری معیشت کا جزولاینفک بنا ہوا ہے، جسے اللہ نے اپنے اور اپنے رسولکے خلاف جنگ قرار دیا ہے۔ اس سے چھٹکارا پانا ہو گا۔ اس کے باوجود وزیراعظم کا یہ دعویٰ کہ اُنہیں اللہ کی تائید اور نصرت حاصل ہے اور اُن پر نبی اکرم کی رحمت سایہ فگن ہے، خود فریبی کے سوا کچھ نہیں۔