نواز شریف مدت اقتدار مکمل کرنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں: محمودالرشید
لاہور سپیشل رپورٹر) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی محمودالرشید نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ان کے حواری حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ حکمران جو مرضی کہیں اگلے سال ہی ملک میں عام انتخابات ہوں گے۔ (ن) لیگ اور اس کی اپنی پالیسیاں ہی ان کی سب سے بڑی دشمن ہیں اور ان کو ہر صورت گھر جانا ہو گا۔ 30 نومبر کا دن پاکستان کی سیاست میں بہت بڑی تبدیلی کا آغاز ہو گا۔ دنیا کی طاقت تحریک انصاف کو 30 نومبر کو احتجاج کرنے سے نہیں روک سکتی۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے عوام ملک میں حقیقی تبدیلی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہمیں احتجاج کے لئے حکمرانوں سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔