غداری کیس: حکومت کے پاس اپیل کے سوا کوئی آپشن نہیں: سرکاری ذرائع
لاہور (اشرف ممتاز/ دی نیشن رپورٹ) غداری کیس کی سماعت کرنے والی عدالت کی جانب سے مشرف کیساتھ دوسرے دونوں کو شریک ملزم بنانے کے بعد سرکاری سطح پر متعلقہ حکام نے مشاورت شروع کر دی ہے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے حکومت کے پاس صرف ایک ہی آپشن موجود ہے کہ اس حکم کو چیلنج کیا جائے اور حکومت کی جانب سے اپیل دائر نہیں کی جائیگی تو اس کے پاس اس حکم پر عملدرآمد کے سوا کوئی چارہ نہیں ہو گا اور یہ آسان ٹاسک نہیں ہو گا۔ ذرائع نے بتایا حکومت مسلسل کہہ رہی ہے کہ غداری کیس میں مشرف کے سوا کسی کیخلاف ثبوت نہیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے حکومت سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرتے ہوئے استدعا کریگی کہ خصوصی عدالت کو ہدایت کی جائے کہ وہ جنرل (ر) پرویز مشرف کیخلاف کیس کو مکمل کرے اور دوسرے شریک ملزموں کیخلاف کیس علیحدہ سے ڈیل کرے۔ سابق وزیراعظم شوکت عزیز مقدمے کا سامنا کرنے کیلئے پاکستان آنا پسند نہیں کرینگے جس سے غداری کیس کا حتمی فیصلہ آنا ممکن نہیں ہو گا۔
حکومت/ مشاورت