زکوۃ تقسیم کے طریقہ کار کو جدید تقاضوں اور ماڈرن ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جائیگا: ندیم کامران
لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر زکوۃ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ مستحقین میں زکوۃ کی تقسیم کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے اور اسے جدید تقاضوں اور ماڈرن ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت مستحق افراد اپنی رہائش گاہ کے قریب ترین ایزی پیسہ شاپ یا اس جیسے دیگر آئوٹ لٹس کے ذریعے زکوۃ کی رقم وصولی کر سکیں گے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز مستحقین میں زکوۃ کی فوری اور شفاف تقسیم کے حوالے سے منعقدہ ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری زکوۃ و عشر حبیب الرحمن گیلانی اور ایڈمنسٹریٹرز زکوۃ محمد یوسف بٹ کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔