ڈی جی رینجرز نے سعید خاور کے گھر پر چھاپے کی تحقیقات کا حکم دےدیا

.کراچی(سٹاف رپورٹر) سی پی این ای کے 6 رکنی وفد نے جمعرات کو رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سے ملاقات کی جس میں امن و امان کی صورتحال اور نوائے وقت کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر سعید خاور کے گھر پر ہونے والے واقعہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے سعید خاور کے گھر پر چھاپے کی تحقیقات کا حکم دیدیا اور کہا کہ چھاپہ غلط شناخت اور غلط فہمی پر مارا گیا۔ سعید خاور کسی ناپسندیدہ سرگرمی میں ملوث نہیں تھے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ غلط طریقہ اور خراب برتاﺅ میں ملوث پائے جانے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وفد میںسی پی این ای کے سینئر نائب صدر الیاس شاکر، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک، فنانس سیکرٹری میجر (ر) حامد عابدی‘ نذیر لغاری‘ سعید خاور اور روبینہ رشید شامل تھیں۔