نوائے وقت لاہور کے شفٹ انچارج یونس بٹ انتقال کر گئے، سپرد خاک کر دیا گیا

نوائے وقت لاہور کے شفٹ انچارج یونس بٹ انتقال کر گئے، سپرد خاک کر دیا گیا

لاہور (خبر نگار) روزنامہ نوائے وقت ملتان کے قائم مقام ریذیڈنٹ ایڈیٹر، ڈپٹی ریذیڈنٹ ایڈیٹر کے عہدوں پر فائز رہنے والے معروف صحافی محمد یونس بٹ رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ مرحوم آج کل نوائے وقت لاہور میں بطور شفٹ انچارج کام کر رہے تھے، ان کی نماز جنازہ گزشتہ روز صحافی کالونی ہربنس پورہ لاہور کی جامع مسجد میں ادا کی گئی جس میں اخبار نویسوں سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، نماز جنازہ میں نوائے وقت کے ڈپٹی ایڈیٹر سعید آسی، چیف نیوز ایڈیٹر دلاور چودھری، چیف رپورٹر خواجہ فرخ سعید، ڈسٹرکٹ انچارج اشفاق بھٹی بھی شریک ہوئے۔ بعد ازاں انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ انہیں دو دن قبل طبیعت ناساز ہونے کے بعد پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی داخل کرایا گیا تھا جہاں گزشتہ روز ان کا انتقال ہو گیا۔ مرحوم یکم جون 1978ء کو ملتان میں بطور سب ایڈیٹر تعینات ہوئے۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ، پانچ بیٹے اور 4 بیٹیاں شامل ہیں۔ ان کی روح کو ایصال ثواب کیلئے رسم قل پرسوں بروز اتوار صبح 11 بجے صحافی کالونی ہربنس پورہ لاہور کی جامع مسجد میں ادا کی جائے گی۔