نئی حلقہ بندیاں، سیکرٹری بلدیات نے الیکشن کمشن کو ریکارڈ کی فراہمی کی ہدایت کردی

لاہور (خبرنگار) الیکشن کمشن نے پنجاب میں نئی حلقہ بندیاں کرنے کیلئے صوبائی حکومت سے متعلقہ ریکارڈ طلب کر رکھا ہے۔ سیکرٹری بلدیات نے الیکشن کمشن کو ریکارڈ کی فراہمی کیلئے فوری  اقدامات کی ہدایات کردیں اور معاملات بہتر انداز میں چلانے کیلئے اسسٹنٹ الیکشن کمشنر (لوکل گورنمنٹ) رانا محمد اسلم اور ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ بلدیات ابرار احمد کو فوکل پرسن مقرر کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمشن نے پنجاب حکومت سے صوبے میں مقامی حکومتوں، ضلع کونسلوں، میونسپل کارپوریشنوں، میونسپل کمیٹیوں، یونین کونسلوں اور وارڈز کی تعداد، میونسپل کمیٹیوں، ضلع کونسلوں کی حدود، ان کی آبادی سمیت تمام ڈیٹا طلب کیا گیا ہے۔ محکمہ بلدیات سے تمام بلدیاتی اداروں کی حدود کے تعین کے تازہ ترین نقشے بھی طلب کئے گئے ہیں۔