محکمہ صحت میں اصلاحات کا آغاز کر دیا : سلمان رفیق

محکمہ صحت میں اصلاحات کا آغاز کر دیا : سلمان رفیق

لاہور(نیوزرپورٹر)مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا محکمہ صحت کے پرانے نظام کو دور حاضر کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اصلاحات کا آغاز کردیا جس کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی جدید خطوط پر تربیت ناگزیر ہے۔انہوں نے یہ بات پنجاب ہیلتھ ڈویلپمنٹ سنٹر میں216ہیلتھ مینجرز کی بطور ماسٹر ٹرینر تربیت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میجر جنرل(ر) محمد اسلم، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز ، ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر معاذ احمد کے علاوہ دیگر طبی ماہرین اورپراجیکٹ ڈائریکٹر پالیسی اینڈسٹرٹیجک پلاننگ یونٹ محکمہ صحت بہادر قاضی، ٹی آر ایف پلس کے کوارڈینیٹر ڈاکٹر انور جنجوعہ نے شرکت کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط کئے بغیر ہسپتالوں پر کام کا لوڈ کم نہیں کیا جاسکتا۔ تقریب سے ڈاکٹر سہیل ثقلین ڈاکٹر زاہد پرویز اور TRFپلس کے ڈاکٹر انور جنجوعہ نے بھی خطاب کیا۔