بجٹ خسارہ: جولائی سے 11 اگست تک 251.34 ارب کا قر ضہ لیا گیا
لاہور (احسن صدیق) وفاقی حکومت کو رواں مالی سال 2017-18ءکے آغاز پر ہی بجٹ خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جولائی سے لیکر 11 اگست تک بجٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے بنک سے 251.34 ارب روپے کا قرضہ حاصل کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال 2016-17ءکے آغاز پر بھی وفاقی حکومت نے بجٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے اتنی مدت کے دوران سٹیٹ بنک سے 77.47 ارب روپے کا قرضہ حاصل کیا تھا۔ سٹیٹ بنک کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق وفاقی حکومت نے سٹیٹ بنک سے رواں مالی سال یکم جولائی سے لیکر 11اگست تک 251.34 ارب روپے میں سے شیڈولڈ بنکوں کو لئے گئے قرضوں کی واپسی کی مد میں 46.3 ارب روپے واپس کئے ہیں۔ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال میں یکم جولائی سے 11 اگست کے دوران صرف پنجاب نے اپنے بجٹ اخراجات پورے کرنے کیلئے سٹیٹ بنک سے 4 ارب 17 کروڑ 70 لاکھ روپے کا اوورڈرافٹ حاصل کیا جبکہ دیگر تین صوبوں بلوچستان‘ سندھ اورخیبر پی کے حکومتوں نے سٹیٹ بنک کو اوورڈرافٹ کی مد میں لی جانے والی رقوم واپس کی ہیں جس میں سے بلوچستان حکومت نے 11.3 ارب روپے‘ خیبر پی کے حکومت نے 87.4 کروڑ روپے اور سندھ حکومت نے 13.14 ارب روپے واپس کئے ہیں۔