لاہور ہائیکورٹ : نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست پر وفاق سے جواب طلب
لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست پر وفاق سے25 اگست تک جواب طلب کرلیا۔منگل کولاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی بیرسٹر اقبال چوہدری کی درخواست پر جسٹس مامون رشید نے سماعت کی۔دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ نوازشریف نااہل قرار دیئے گئے ہیں ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا ضروری ہے جبکہ سپریم کورٹ کے حکم پر نیب نے نواز شریف اور بچوں کو طلب کیا، نواز شریف اور خاندان نے نیب میں پیش ہونے سے انکار کر دیا۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کا خاندان مختلف ممالک کے ویزے رکھتا ہے، خدشہ ہے کہ نیب ریفرنس پر گرفتاری سے بچنے کے لیے نوازشریف بیرون ملک چلے جائیں گے اس لیے ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔عدالت نے درخواست گزار کے موقف پر وفاق، وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 اگست تک جواب طلب کرلیا۔