روزہ داروں کو ریلیف کیلئے پنجاب حکومت اربوں روپے خرچ کررہی ہے: شہباز شریف

لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ملاقات کی اور مختلف قومی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے بلوچستان کی وزیر راحیلہ حمید خان د رانی نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پروفیسر سینیٹر ساجد میر سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت رمضان ا لمبارک کے دوران عوام کو آٹا‘ چینی ا ور دیگر اشیائے ضروریہ سستے داموں فراہم کرنے پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے تاکہ روزہ داروں کو ریلیف ملے۔ انہوں نے کہا صوبے بھر میں 414 رمضان بازاروں اور 512 مختلف مقامات پر ٹرکوں کے ذریعے عوام کو 20 کلو آٹے کا تھیلا 200 روپے میں فراہم کیا جارہا ہے جبکہ رمضان بازاروں میں 40 روپے فی کلو کے حساب سے چینی کی فروخت کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کا دینی و ملی فریضہ ہے کہ وہ اس ماہ مقدس میں منافع کمانے کی خواہش کو حد اعتدال میں رکھتے ہوئے حکومتی کاوشوں کو کامیاب بنانے میں مددگار ثابت ہوں۔ پروفیسر ساجد میر نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو سستے داموں اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے حوالے سے وزیراعلیٰ کے اقدامات اور کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے یقینا روزہ داروں کو ریلیف ملے گا۔