2 خودکشیاں: لاہور میں غربت سے تنگ 5 بچوں کے باپ نے پھندا لے لیا
لاہور (نامہ نگار+سٹاف رپورٹر) مختلف وجوہات پر لاہور اور میانوالی میں 2 افراد نے زندگی ختم کر لی۔ لاہور میں شادباغ کے علاقہ میں 5 بچوں کے باپ نے غربت اور بیروزگاری سے تنگ آکرگلے میں پھندا لے لیا۔ شادباغ کے علاقہ پمباں پنڈ کا رہائشی 5 بچوں کا باپ 45 سالہ گل شیر محنت مزدوری کرکے اپنا اور بیوی، بچوں کا پیٹ پالتا تھا۔ گزشتہ کئی روز سے مزدوری نہ ملنے کے باعث وہ پریشان تھا اور اس کا گھریلو اخراجات پورے نہ ہونے پر بیوی سے جھگڑا رہتا۔ گزشتہ روز بھی دونوں میاں بیوی میں جھگڑا ہوا جس پر گل شیر نے دلبرداشتہ ہو کر گلے میں پھندہ لے کر زندگی ختم کر لی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش قبضے میں لیکر مردہ خانے جمع کرا دی ہے۔ متوفی چار بیٹوں اور ایک بیٹی کا باپ تھا۔ علاوہ ازیں میانوالی/ عیسیٰ خیل سے نامہ نگاران کے مطابق عیسیٰ خیل کے محلہ پہاروانوالہ کے محمد ممتاز نے کبوتر پال رکھے تھے محلے دار اور بھائی، رشتہ دار مبینہ طور پر اسے منع کرتے تھے جس پر اس نے زہریلی گولیاں کھا لیں۔