حکومتی گڈ گورننس تحقیقاتی کمیٹیاں بنانے تک محدود ہے: جمشید اقبال چیمہ
لاہور( پ ر)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی گڈ گورننس واقعات ہونے کے بعد صرف تحقیقاتی کمیٹیاں بنانے اور انکی رپورٹس سرد خانے کی نذر کرنے تک محدود ہے ،جمہوریت کے دعویدار حکمرانوں نے اپنی بادشاہت قائم کر رکھی ہے اور صوبے کے دس کروڑ عوام صرف ایک شخص کے رحم و کرم پر ہیں ۔ عیادت کے لئے آنے والے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانس لینے پر بھی ٹیکس کی ادائیگی کرنے والے عوام کو بھی اب ریاست سے اپنے حقوق بارے پوچھنا ہوگا ۔ لاہور جیسے شہر میں آتشزدگی سے ہلاکتوں کے درجنوں دلخراش واقعات رونما ہو چکے ہیں لیکن حکمران کمیٹیاں بنانے کے اعلانات سے آگے جانے کو ہی تیار نہیں ۔ دنیا کے اگر کسی مہذب معاشرے میں ریاستی اداروں کی نا اہلی کی وجہ سے چھ ننھی جانیں آگ میں زندہ جل جاتیں تو کوئی بعید نہیں کہ پوری حکومت ہی گھر چلی جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں وہ دن آنے والے ہیں جب عوام ان کا احتساب کرینگے ۔