بجلی کی طویل بندش جاری، دائود خیل میں مظاہرہ، نارنگ منڈی میں گرمی سے خاتون جاں بحق
لاہور + نارنگ منڈی + دائودخیل (کامرس رپورٹر + نامہ نگاران) بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کیخلاف لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ دائودخیل میں بجلی کی بندش کیخلاف سکول کے بچوں تاجروں اور شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور لوڈشیڈنگ کیخلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ شدید گرمی کے باعث نارنگ منڈی میں ایک خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ 4 طلبہ بیہوش ہو گئے جبکہ لوڈشیڈنگ کے باعث لاہور سمیت کئی شہروں میں پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث گزشتہ روز بھی کاروبار شدید متاثر ہوئے جبکہ گرمی میں شدید لوڈشیڈنگ سے لوگ نڈھال ہو گئے۔ کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق قیامت خیز گرمی کی تاب نہ لاتے ہوئے 6 بچوں کی ماں شریفاں بی بی جاں بحق ہو گئی جبکہ پرائیویٹ سکولوں میں ایک طالبہ سمیت چار طلبا بیہوش ہو گئے جبکہ نارنگ منڈی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ ساہوکا سے نامہ نگار کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 سے 16 گھنٹے تک جا پہنچا۔ دائود خیل سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی 24 گھنٹوں سے بندش کے خلاف سکول کے بچوں، تاجروں اور شہریوں نے بنک چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ بورے والا سے نامہ نگار کے مطابق قیامت خیز گرمی میں میپکو نے مختلف فیڈرز میں صبح 8 سے دو پہر د وبجے تک بجلی کی طویل غیر اعلانیہ بندش سے شہریوں کے اوسان خطا کر دئیے، بجلی کی طویل بندش کے دوران سکولوں میں متعدد معصوم بچے بیہوش ہو گئے۔ علاوہ ازیں تاجروں اور صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ کاروبار پہلے ہی مندے کا شکار ہے رہی سہی کسر بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ نے نکال دی ہے۔ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ہزاروں مزدور بیروزگار ہو چکے ہیں۔ بجلی کی طلب بڑھنے کی وجہ سے گزشتہ روز شہری علاقوں میں 10 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 14 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ جانے سے شہری حکمرانوں کو کوسنے لگے۔ رات اور دن کے دوران بجلی بندش کا دورانیہ بارہ گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ شرقپور شریف سے نامہ نگارکے مطابق دیہات میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے جبکہ شہری علاقوں میں 16 گھنٹے تک پہنچ گیا گرمی کی شدت اور لوڈشیڈنگ سے تنگ شہری سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔