گندم خریداری کا 60 لاکھ ٹن کا ہدف ہر قیمت پر پورا کرینگے: شہباز شریف

لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت گندم کی خریداری کا 60 لاکھ ٹن کا ہدف ہر قیمت پر پورا کرے گی اور کاشتکاروں سے تمام گندم حاصل کرنے تک خریداری کا عمل جاری رکھے گی۔ گزشتہ روز رائے ونڈ میں محکمہ خوراک اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت گندم کی خریداری پر 150 ارب روپے خرچ کر رہی ہے چنانچہ اس امر کو یقینی بنائینگے کہ کوئی ذخیرہ اندوز سرکاری نرخوں پر گندم بیچ کر کسان کی محنت پر ڈاکہ نہ ڈال سکے۔ دریں اثنا عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفندیار ولی نے متاثرین سرحد کیلئے حکومت پنجاب کی امدادی سرگرمیوں کو سراہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرین کی سب سے زیادہ امداد پنجاب نے کی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پیشتر وزیر اطلاعات سرحد میاں افتخار بھی اپنی ایک بریفنگ میں متاثرین کو حکومت پنجاب کی طرف سے بھیجی جانے والی امداد کی تعریف کر چکے ہیں۔
وزیراعلی شہباز شریف