پنجاب کے سی این جی سٹیشنز کو مخصوص اوقات میں پورا ہفتہ گیس فراہمی کا فیصلہ

لاہور (نیوزرپورٹر) وفاقی حکومت نے پنجاب میں مخصوص اوقات کے دوران پورا ہفتہ سی این جی سٹیشنز کو گیس کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ سندھ میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ایک دن کم کردیا جائے گا جبکہ پنجاب کے لئے مخصوص اوقات طے کرنے کیلئے سی این جی ایسوسی ایشن اور ایم ڈی سوئی نادرن کے درمیان ملاقات سوموار کو ہو گی۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے غیاث پراچہ کے مطابق وزیر پیٹرولیم آئندہ چند روز میں پنجاب بھر میں سی این جی سٹیشنز کو پورا ہفتہ گیس کی فراہمی کا باقاعدہ اعلان کریںگے اور ان کے ساتھ ہمارے ہونے والے مذاکرات میں یہ فیصلہ ہو چکا ہے کہ پنجاب کو مخصوص اوقات کے دوران سی این جی فراہم کی جائے گی لیکن اس حوالے سے اوقات کار طے کرنے کیلئے سوموار کے روز ہماری ایم ڈی سوئی گیس سے ملاقات ہو گی۔