عدالتوں کی سکیورٹی فول پروف نہ بنانے پر لاہور بار کا آج ہڑتال کا اعلان

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور بار ایسوسی ایشن نے عدالتوں کی سکیورٹی کو فول پروف نہ بنائے جانے پر پاکستان بار کونسل کی کال پر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور بار آج ہڑتال کر کے عدالتوں کا بائیکاٹ کرے گی۔ اس سلسلے میں لاہور بار کے صدر چودھری محمد اشتیاق، سینئر نائب صدر غلام عباس ساحر، سیکرٹری جنرل چودھری محمد سلیم لادی اور سیکرٹری قسیم اسلم ہنجرا نے بتایا سانحہ اسلام آباد سے حکومت نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔ ہمارے بار بار یاددہانی کروانے کے باوجود عدالتوں کو سکیورٹی فراہم نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے کہا سی سی پی او شفیق احمد گجر جب ایس ایس پی لاہور تعینات تھے تب داتا دربار عرس پر دھماکہ ہوا حالانکہ اس کی پہلے اطلاع بھی تھی اور اس کے لئے دھمکیاں بھی موصول ہو چکی تھیں مگر انہوں نے جان بوجھ کر داتا صاحب کے عرس پر سکیورٹی انتظامات نہ کئے جس سے کئی زائرین کی جانیں گئیں اور اب جبکہ عدالتوں کو دہشت گردی کا شدید خطرہ ہے اور خاص طور پر لاہور کے لئے دہشت گردوں کی دھمکیاں بھی ہیں اس کے باوجود وہ خاموش ہے۔ انہوں نے کہا اگر لاہور کی کسی عدالت میں خدانخواستہ کوئی دہشت گردی کا واقعہ ہو گیا تو اس کے نقصان کے ذمہ دار وزیراعلیٰ اور سی سی پی او لاہور ہونگے۔