سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر ’’یوم امن و محبت‘‘ منایا گیا

لاہور(خصوصی نامہ نگار) چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر ’’یومِ امن و محبت‘‘ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں انسانی جان کی حُرمت کے موضوع پر خطباتِ جمعہ دیئے گئے اور علمائے اہلسنّت نے جمعہ کی تقریروں میں اسلام کی امن و سلامتی پر مبنی تعلیمات کو اجاگر کیا اور عوام سے امن پسندی کا رویہ اختیار کرنے کا حلف لیا۔ نیز جمعہ کے اجتماعات میں بدامنی، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے خلاف مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومتی پالیسیاں امن کے راستے کی رکاوٹ ہیں۔ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں امن کے ایجنڈے پر متحد ہو جائیں۔سنی علماء بورڈ نے بھی جمعہ کو ملک گیر یوم شعور نظریہ پاکستان کے طور منایا، شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔