دورہ چولستان، وزیراعلیٰ کا بار بار انسانی موت یا مویشیوں کے ضیاع کے حوالے سے استفسار، عوام کا نفی میں جواب

لاہور (خصوصی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چولستان کے دورے کے دوران مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے بار بار دریافت کیا کہ  علاقے میں کسی جگہ کوئی انسانی موت یا مال مویشی کا ضیاع تو نہیں ہوا۔ وزیراعلیٰ کے سوالات کا جواب ہر مقام پر نفی میں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایسی مبالغہ آمیز رپورٹیں آنے پر میں نے  وزرائ، چیف سیکرٹری اور سیکرٹریوں پر مبنی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم چولستان کا فوری دورہ کرنے کیلئے بھیجی۔ جس نے چولستان کے طول و عرض میں جا کر مجھے اطلاع دی کہ یہ رپورٹیں حقائق پر مبنی نہیں۔ مجھے اپنی ٹیموں کی رپورٹ پر اعتماد تھا لیکن میں نے پھر بھی خود یہاں آ کر اپنی آنکھوں سے صورتحال کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا اور اب میں آپ کے پاس اسی سلسلے میں حاضر ہوا ہوں۔ وزیراعلیٰ کے استفسار پر عوام نے واضح الفاظ میں علاقے میں کسی قسم کی قحط سالی کی تردید کی، عوام کا کہنا تھا کہ چولستان میں اس وقت کوئی غیر معمولی صورتحال نہیں تاہم اگر فصلوں کی کٹائی کے بعد بھی بارشیں نہ ہوئیں تو ان کے لئے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران چولستان کی صورتحال کے بارے میں میڈیا کے ایک حصے کے روئیے پر سخت افسوس کا اظہار کیا  اور کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کے بعض پروگراموں میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اس سے متعلقہ میڈیا کی اپنی کریڈبیلٹی بھی متاثر ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زیادہ افسوسناک بات یہ ہے کہ بعض خبر ناموں کے ساتھ جانوروں کے ڈھانچوں کی غیر متعلقہ تصاویر اور پرانی ویڈیوز چلا دی گئیں اور ان پر صحافتی اصولوں کے برعکس فائل کا لفظ بھی نہ لکھا گیا۔