خواتین کی شمولیت کے بغیر جنوبی ایشیا میں ترقی نہیں ہو سکتی: شائستہ پرویز

لاہور (لیڈی رپورٹر) سارک چیمبر کی کمیٹی برائے کاروباری خواتین کی چیئرپرسن اور رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک نے کہا ہے کہ تجارتی و معاشی سرگرمیوں میں خواتین کی فعال شمولیت کے بغیر جنوبی ایشیا میں ترقی و خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا کیونکہ اس خطے کی آبادی کا نصف سے زائدحصہ خواتین پر مشتمل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سائوتھ ایشین خواتین کے بارے میں ایک میگا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے۔ شائستہ پرویزملک نے کہا کہ اگر کاروباری شعبے سے وابستہ خواتین کو وسائل اور سہولیات مہیا کی جائیں تو وہ جنوبی ایشیا کی ترقی و خوشحالی میں بہت اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔