علماء جہاد کے فضائل کیساتھ شرائط بھی بیان کریں:علامہ ریاض شاہ

لاہور(خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ علماء فضائل جہاد کے ساتھ شرائط جہاد بھی بیان کریں۔ دہشت گردی کے خلاف عوامی بیداری خوش آئند ہے۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے عسکری ونگ ختم کیے جائیں۔ انسانیت کے قاتلوں کو تختۂ دار پر لٹکانے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اسلامی سزائوں پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ اسلام نے خون کے بدلے خون کا حکم دیا ہے۔ دہشتہ گردوں کو پھانسیاں دینے سے جزا و سزا کا نظام مضبوط ہو گا۔ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا وقت آ گیا ہے۔ ہر فرد کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ قوم کو پاک فوج کی قربانیوں پر فخر ہے۔ جنت اﷲ اور اس کے رسولﷺ کی محبت کو سینے میں بسانے سے ملتی ہے، خودکش جیکٹ پہننے سے نہیں۔