دہشتگردی کا ناسور قومی سلامتی کیلئے خطرناک ہے: لیاقت بلوچ

دہشتگردی کا ناسور قومی سلامتی کیلئے خطرناک ہے: لیاقت بلوچ

لاہور(خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ دہشتگردی کا ناسور قومی سلامتی کے لیے خطرناک ہے، نائن الیون کے بعد پاکستان کو غیر مستحکم اور ناکام ریاست بنانے کے لیے اسلامی نظریہ پاکستان کی جڑ کاٹنے اور پاکستان کو سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت بدامنی کی آماجگاہ بنانے کے لیے جہاد ، دہشتگردی ، طالبان ، القاعدہ ، انتہا پسندی کے عنوانات کے ساتھ مقامی ایکٹرز کو سرپرستی اور حمایت دی گئی ۔ اب وقت آگیا ہے کہ در پردہ تمام شیطانی سازشوں کا سدباب کیا جائے اور داخلہ ، خارجہ پالیسی تبدیل کر کے پوری قوم کو یک جان دو قالب بنایا جائے۔ سانحہ پشاور درندگی اور دہشتگردی کا بدترین واقعہ ہے ۔ معصوم بچوں ، خواتین ، اساتذہ اور ملازمین کی جانوں کو ہدف بناکر پاکستان کے وجود پر حملہ کیا گیاہے ۔ قومی قیادت اور ملک بھر کی تمام دینی جماعتوں کا بروقت یک آواز ہونا آزاد و خود مختار پاکستان بنانے کا خوشگوار لمحہ ہے۔