حکومت کو دہشتگردی کے خلاف جنگ سے پیچھے نہیں ہٹنے دینگے: حامد رضا

لاہور(خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ طالبان کی خودساختہ اور بندوق بردار شریعت کو نہیں مانتے، دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف فوج لڑ رہی ہے۔ حکومتی صفوں میں طالبان نواز افراد موجود ہیں، آرمی چیف قوم کے ہیرو بن چکے ہیں، حکومت کو دہشت گردی کے خاتمے کی قومی جنگ سے پیچھے نہیں ہٹنے دیں گے۔ حکومت ریاست کے باغی عبدالعزیز کو کیوں گرفتار نہیں کرتی، کوئی بڑا سانحہ ہونے پر حکومت انگڑائی لیتی ہے اور کچھ دن گزرنے کے بعد پھر سو جاتی ہے۔ غیرمعمولی حالات کے پیش نظر ملک میں سکیورٹی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔ قوم کو پاک فوج کی قربانیوں پر فخر ہے۔ آرمی چیف کی طرح حکمران بھی دہشت گردوں کے خلاف سخت مؤقف اپنائیں اور ججز بے خوف ہو کر دہشت گردوں کو سزائیں سنائیں۔ کمیٹیاں بنا کر تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔