ضمنی الیکشن کا نتیجہ معتدل دینی حلقوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے: لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ لاہور کے ضمنی الیکشن کا نتیجہ معتدل مزاج دینی حلقوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے، اگر دینی قوتیں متحد نہ ہوئیں تو ان کی قوت سے کوئی اور فائدہ اٹھاتا رہے گا،نواز شریف خاندان بیرون ملک رہا تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی، وزیراعظم کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیریوں اور روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے، اس امر کا اظہار انہوںنے گزشتہ روہ ایم ڈی نوائے وقت گروپ رمیزہ مجید نظامی سے ملاقات کے بعد نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ این اے 120کا نتیجہ جماعت اسلامی کے لئے ہی حیران کن اور باعث تشویش نہیں بلکہ پیپلزپارٹی و دیگر جماعتیں بھی اس پر ششدر ہیں۔ انہوںنے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دورہ امریکہ کے حوالے سے انہیں مشورہ دیا کہ وہ کشمیرویوں اور روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا معاملہ بھی جنرل اسمبلی میں اٹھائی اور اس کے خاتمے کے لئے ٹھوس کوششیں کریں۔ سپریم کورٹ پانامہ لیکس اور قرض معاف کرانے والوں کا کڑا حتساب کرے۔