داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ ختم کرنے کی سفارش وزیراعلیٰ کو بھجوا دی: رانا مشہود
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے تشکیل دی گئی ایگزامینیشن اینڈ ایڈمشن ریفارمز کمیٹی نے انٹر میڈیٹ امتحان کے بعد میڈیکل کالجوں اور دیگر پروفیشنل اداروں میں داخلے کے لئے انٹری ٹیسٹ ختم کرنے کی سفارش وزیراعلی کو بھجوادی ہے وزیراعلی پنجاب انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے بارے میں پبلک پارلے منعقد کرانے کے بعد اس معاملے میں حتمی فیصلہ دیں گے ایگزامینیشن اینڈ ایڈمشن ریفارمز کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روزوزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں شرکاء کی اکثریت نے اس رائے کا اظہار کیا کہ پنجاب کے شہری اور دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبا وطالبات کو پروفیشنل کالجوں اور یونیورسٹیوں میں داخلہ حاصل کرنے کے لئے لیول پلے فیلڈ فراہم کیا جانا چاہیے رانا مشہود احمد خاں نے کہا بوٹی مافیا ختم ہونے کے بعد طلبہ کو دو مرتبہ امتحان سے گزرنے اور والدین پر اضافی اخراجات ڈالنے کی ضرورت نہیں۔