الیکشن سے پہلے اصلاحات ضروری ہیں، حکومت مدت پوری کرتی نظر نہیں آ رہی، سراج الحق
لاہور+ سکھر (خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے حکومت بھارتی جارحیت سے نمٹنے کی تیاریاں کرے۔ وطن کا بچہ بچہ ملکی سالمیت کی حفاظت کرنے کیلئے تیار ہے۔ بھارتی فورسز کے حملوں کا پاک فوج بھرپور جواب دے۔ میرپور خاص اور سکھر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا سندھ میں امن و امان کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے۔ حکمرانوں کے غلط فیصلوں کے باعث مشرقی پاکستان ہم سے جدا ہوا۔ انہوں نے کہا سندھ بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے اور حکمران اس میں خود ملوث ہیں۔ 65 سالوں سے سیاسی اداکار اور پنڈت عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں، الزام در الزام کی سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا آئندہ الیکشن سے پہلے انتخابی اصلاحات بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا میں وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتوں کی مدت پوری ہوتے نہیں دیکھ رہا۔ سراج الحق نے کہا مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حکومت اور آمریت میں کوئی فرق نہیں، سب کا طرز حکمرانی آمرانہ ہے جس نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ موجودہ حکومت کا کوئی عوامی ایجنڈا نہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نواز شریف امریکہ گئے مگر پاکستان کی بیٹی عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے ایک لفظ نہیں بول سکے۔ انہوں نے کہا دو ماہ سے جاری دھرنوں کے ذریعے ملک میں بحران پیدا کیا جا رہا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ 7 سالوں سے صوبہ سندھ کے بے تاج بادشاہ بنے بیٹھے ہیں مگر وہ اپنے آبائی شہر خیرپور میں امن و امان قائم نہیں کراسکے۔ انہوں نے کہا پی پی کئی عشروں سے سندھ میں حکمران ہے، اس لئے سندھ کی تباہی کی اصل ذمہ دار بھی وہی ہے۔ انہوں نے کہا کراچی میں جلسہ پر ایک ارب سے زائد رقم خرچ کرنے والی پیپلز پارٹی نے عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی برسر اقتدار آئی تو سیاستدانوں کی بیرون ملک بنکوں میں چھپائی گئی ساری دولت واپس لائی جائیگی انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی کے باعث مڈٹرم الیکشن کا امکان موجود ہے۔