' نظام مصطفی متحدہ محاذ نے زاہد حامد، رانا ثناء اللہ کی برطرفی کا مطالبہ کر دیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) اہل سنت جماعتوں کے گرینڈ الائنس ’’ نظام مصطفیٰ متحدہ محاذ‘‘ نے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی برطرفی کا مطالبہ کر دیا۔ 20 دسمبر کو راولپنڈی میں ملک گیر علماء و مشائخ کنونشن منعقد کر کے رابطہ عوام مہم شروع کی جائے گی اور ربیع الاول کے بعد چاروں صوبوں میں بڑے سیاسی جلسے منعقد کئے جائیں گے اور کراچی سے راولپنڈی تک کارواں چلایا جائے گا۔ جمعہ 24 نومبر کو ملک بھر میں ’’یوم ختم نبوت‘‘ منایا جائے گا۔ متحدہ محاذ کے آئندہ اجلاس میں منشور و دستور منظور کیا جائے گا۔ اسلام آباد دھرنے کے مطالبات کی تائید و حمایت کرتے ہیں۔ دھرنے کے خلاف ریاستی طاقت کا استعمال برداشت نہیں کریں گے۔ حکومت طاقت کی بجائے مذاکرات سے دھرنے کا مسئلہ حل کرے۔ میلادالنبی کے تمام پروگراموں کو ختم نبوت سے منسوب کیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ ادارہ تعلیمات اسلامیہ میں علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ کی میزبانی میں منعقد ہونے والے نظام مصطفیٰ متحدہ محاذ کے سربراہی اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں کیا گیا۔ اجلاس میں متحدہ نظام مصطفے محاذ کے کنوینر صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی، جماعت اہل سنت کے ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، جے یو پی کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ اویس نورانی، نظام مصطفیٰ پارٹی کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر الحاج محمد حنیف طیب، جمعیت علماء پاکستان کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر، پاکستان سنی تحریک کے مرکزی نائب صدر شاہد غوری، جے یو پی نیازی کے مرکزی نائب امیر مولانا محمد عباس ہاشمی، محمد نواز کھرل، فلاح پارٹی کے صدر قاضی عتیق الرحمن، قومی اسمبلی کے سابق رکن صاحبزادہ میاں جلیل احمد شرقپوری، محمد عثمان خان نوری، خالد حبیب الہی ایڈووکیٹ، پنجاب اسمبلی کے رکن محفوظ مشہدی، عبدالرزاق ساجد، سید صفدر شاہ گیلانی، امانت علی زیب، سید جواد الحسن کاظمی، ڈکٹر ظفر اقبال جلالی اور دیگر نے شرکت کی۔ حامد سعید کاظمی نے دوسرے راہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت حلف نامے میں تبدیلی کرنے والوں کی برطرفی تک عوامی بے چینی ختم نہیں ہو گی۔ ختم نبوت کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ پرویز رشید اور مشاہد اللہ کو کسی اور مسئلے پر برطرف کیا جا سکتا ہے تو زاہد حامد کو ختم نبوت کے مسئلے پر بر طرف کیوں نہیں کیا جا سکتا۔ وزیر اعظم دوٹوک اعلان کریں کہ امریکی دباؤ پر قانون ناموس رسالت تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی روکنے کے لئے مسلم حکمران برما کی حکومت پر مشترکہ دبائو ڈالیں۔
متحدہ محاذ