عالمی اسلامی تحریکیں دشمن پراپیگنڈے کیخلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائیں: سراج الحق

عالمی اسلامی تحریکیں دشمن پراپیگنڈے کیخلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائیں: سراج الحق

لاہور )خصوصی نامہ نگار ) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ عالمی اسلامی تحریکوں کو اسلام دشمن قوتوں کے پراپیگنڈے کا موثر جواب دینے کے لئے مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے، جب تک اسلامی ممالک کے حکمران متحد ہو کر اس طرف توجہ نہیں دیں گے، امت مسلمہ کے مسائل حل نہیں ہوں گے ۔ مکہ مکرمہ میں سیکرٹر ی جنرل مسلم ورلڈ لیگ ڈاکٹر عبدالکریم العیسیٰ کی طرف سے دیئے گئے ظہرانہ میں اسلامی سکالرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس وقت دنیا بھر میں مسلمانوں کا خون بہایا جارہا ہے انہیں گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہا ہے۔ کشمیر، فلسطین اور میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے۔ بنگلہ دیش میں اسلامی تحریک کی قیادت کو پھانسیوں پر لٹکایا جارہا ہے‘ جب تک ان سلگتے مسائل کے حل کے حوالے سے عالم اسلام خصوصاً عالمی اسلامی تحریکیں مشترکہ لائحہ عمل اختیار نہیں کریں گی یہ مسائل حل نہیں ہوں گے اور معصوم مسلمانوں کا قتل عام جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ عالم اسلام کے حکمرانوں کو بھی ان کا فرض منصبی یاد دلانے کی ضرورت ہے لیکن یہ تب ہی ممکن ہو سکتاہے جب اسلامی ممالک کے عوام کی بہت بڑی اکثریت ان اسلامی تحریکوں کے شانہ بشانہ چلنے کو تیار ہوگی۔

سراج الحق