مسلم ریاستوں سے رابطوں سے پاکستان کا قائدانہ کردار سامنے آئے گا: ضیاء الدین خواجہ

لاہور (خبرنگار)  آئی ایس آئی کے سابق سربراہ ضیاء الدین خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان عالم اسلام کا لیڈر اور دنیا کی واحد مسلم نیوکلیئر پاور ہے۔   پاکستان نے اب  عالم اسلام میں قائدانہ کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے۔  بحرین کے   فرمانروا کے دورۂ پاکستان اور دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدوں کے حوالے سے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے ضیاء الدین خواجہ نے کہا کہ پاکستان کے مشرق  وسطیٰ کی ریاستوں سے دیرینہ مراسم ہیں۔ ان ممالک کی فورسز کو ہم نے فوجی ٹریننگ دی ہوئی ہے۔ دبئی کے موجودہ حکمران خود پاکستان میں پاک فوج کے ساتھ تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ پاکستان کی ایئرفورس اور فوج کے ساتھ اسلامی ممالک خصوصاً گلف کی ریاستوں کا پرانا تعلق ہے۔ انہوں نے اس سوال پر کہ بحرین اور دیگر گلف ریاستوں سے تعلقات پر ایران ناراض  نہ ہو جائے کہا کہ اس کیلئے ہمیں اپنی سفارتکاری بہتر کرنا ہوگی۔ ہمیں یہ واضح کر دینا چاہئے کہ ہم دنیا کی واحد نیوکلیئر مسلمان طاقت ہیں۔   کوئی ہمیں ڈکٹیشن نہیں دے سکتا۔   اس وقت مسلم ممالک میں شورش جاری ہے۔ عالم اسلام کو آپس میں لڑانے کی سازش  ہو رہی ہے۔ شیعہ سنی کا  مسئلہ ہے۔ ہمیں مسلم دنیا کے لیڈر کا کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کے سعودی عرب‘ ترکی‘ بحرین اور دیگر مسلم ممالک سے رابطوں اور تعاون سے پاکستان مسلم دنیا کے مسلمہ قائد کے طورپر ابھرے گا۔