بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ قابل تحسین ہے: سیاسی رہنما

لاہور(خصوصی نامہ نگار‘ خبر نگار) بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے کیا۔  جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندی کیلئے تینوں صوبائی حکومتوں کو بروقت قانون سازی کی مدت کیلئے پابند کرے تاکہ 15 نومبر سے پہلے یہ عمل مکمل ہو جائے۔ بلدیاتی انتخابات کرانا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے۔ پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے  پارلیمانی لیڈر قاضی احمد  سعید نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حلقہ بندیوں کے اختیارات الیکشن کمیشن کو دینا خوش آئند ہے۔  انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سپریم کورٹ کے احکامات کو یقینی بنائے اور بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کو جلد مکمل کرے۔