تحریک پاکستان میں علماء مشائخ نے بھرپور کردار ادا کیا: مقررین
لاہور(خصوصی رپورٹر) تحریک پاکستان ایک روحانی تحریک تھی جس میں علماء ومشائخ نے بھرپور حصہ لیا تھا۔صوبہ سندھ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس صوبہ کی اسمبلی نے سب سے پہلے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی تھی۔ علماء ومشائخ نے قربانیاں دے کر یہ ملک بنایاتھا اب اس کو مستحکم کرنے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کریں۔ اسلام کے نام پر قائم ہونیوالا یہ ملک تاقیامت قائم و دائم رہے گا۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے کندھ کوٹ، ضلع کشمور (سندھ) میں منعقدہ ’’پاکستان پائندہ باد کانفرنس ‘‘کے دوران کیا۔ کانفرنس کا اہتمام نظریۂ پاکستان فورم کندھ کوٹ نے کیا تھاجس کی صدارت سجادہ نشین خانقاہ عالیہ قادریہ بھرچونڈی شریف پیر عبدالخالق القادری نے کی۔ اس موقع پرنظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے عہدیداران سیف اللہ چودھری اور عثمان احمد، صدر شعبہ عربی پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرسید قمر علی زیدی، مفتی محمد شریف ، سید احسان گیلانی، حافظ خادم حسین ، حافظ لیاقت علی، علماء ومشائخ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں موجود تھے۔ تحریک پاکستان کے کارکن چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے کانفرنس کے شرکاء کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان پائندہ باد کانفرنسوں کے انعقاد کا ایک مقصد عوام کے دل و دماغ میں پاکستان کے شاندار مستقبل کے بارے یقین پختہ کرنا اور ان عناصر کی مذموم کوششوں کا سدباب کرنا ہے جو عوام میں بددلی اور مایوسی پھیلانے پر کمر بستہ ہیں۔ پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر معرضِ وجود میں آیا۔ چنانچہ ضروری ہے کہ پاکستانی مسلمان خود کو اس نظریے سے عملی طور پر وابستہ رکھیں۔ پیر عبدالخالق قادری نے کہا کہ یہ ملک دوقومی نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوا اور تاقیامت قائم ودائم رہے گا۔ ہمارے آباواجداد نے تحریک پاکستان میں بھرپور حصہ لیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ نظریۂ پاکستان فورم کندھ کوٹ کے زیر اہتمام علاقہ بھر میں نظریۂ پاکستان کا پیغام اسی جذبے سے لوگوں تک پہنچائیں گے جس طرح ہمارے بزرگوں نے تحریک پاکستان کے دوران قائداعظم اور مسلم لیگ کا پیغام پہنچایا تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر سید قمر علی زیدی نے کہا کہ تحریک پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کروانے میں علماء ومشائخ کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ قیام پاکستان کا مقصد ایک ایسا مثالی اسلامی معاشرہ تشکیل دینا تھا جو پوری دنیا کیلئے ایک نمونہ ہو۔ مفتی محمد شریف نے کہا کہ تحریک پاکستان کے دوران علماء ومشائخ نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ۔ مشائخ عظام خانقاہوں سے نکل کر عملی میدان میں آئے اور قائداعظم کا ساتھ دیا۔ عثمان احمد نے کہا کہ پاکستان پائندہ باد کانفرنس سے اہلِ علاقہ کو اس حقیقت سے آگاہ کرنے میں بھی بڑی مدد ملے گی کہ حصولِ پاکستان کی جدوجہد میں مشائخ عظام نے قائداعظم محمد علی جناح کا بھرپور ساتھ دیا تھا اور بابائے قوم نے بھی تخلیقِ پاکستان کو حضرت محمد مصطفیؐ کا روحانی فیضان قراردیا تھا۔ سید احسان گیلانی نے کہا کہ پاکستان نعمت خداوندی ہے اور ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے۔ قائد اور اقبال سمیت اکابرین نے جہد مسلسل سے ہمیں یہ آزاد وطن لیکر دیا۔ پاکستان پائندہ باد کانفرنس کے موقع پرکندھ کوٹ میں نظریۂ پاکستان فورم کی تشکیل بھی عمل میں آئی۔نظریۂ پاکستان فورم کندھ کوٹ کے عہدیداران میں پیر عبدالخالق القادری (سرپرست اعلیٰ)، حافظ خادم حسین (صدر) اورحافظ لیاقت علی(جنرل سیکرٹری) ہوں گے۔